
چین کی سرکاری کمپنی سینو ویک بائیو ٹیک کی ویکسین کی دوسری کھیپ ترکی پہنچ گئی۔
ٹرکش ایئر لائنز کے بوئنگ 777 طیارے کے ذریعے چین کے دارالحکومت بیجنگ سے ویکسین کی دوسری کھیپ ترکی لائی گئی۔ سینو ویک کی 65 لاکھ ویکسین کی خوراک استنبول ایئر پورٹ پہنچ گئی۔ کسٹمز کی کلیئرنس کے بعد ویکسین کو ویئر ہاوْس منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترکی نے چین سے ایک کروڑ ویکسین کی خریداری کا معاہدہ کیا تھا۔ اس سے پہلے 30 دسمبر کو ویکسین کی 30 لاکھ خوراکیں ترکی کے دارالحکومت انقرہ پہنچی تھیں۔ آج مزید 65 لاکھ ویکسین ترکی پہنچ گئی ہے۔
ترکی میں 14 جنوری سے ویکسین لگانے کا پروگرام شروع کیا گیا تھا۔ سب سے پہلے ہیلتھ ورکرز، ڈاکٹرز اور نرسوں کو ویکسین لگائی گئی۔
صدر رجب طیب ایردوان، نائب صدر فواد اوکتے، وزیر صحت فرحتین کوجا اور کابینہ کے دیگر وزرا ْ کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔
دوسرے مرحلے کے تحت 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں اور طبی عملہ گھروں میں آ کر انہیں ویکسین کی خوراک دے گا۔
ترکی میں کورونا وائرس کنٹرول کرنے کے لئے ویک اینڈ کرفیو بھی جاری ہے۔ ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 24 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ 25 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔