
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اپنے دورہ امریکہ پر واشنگٹن پہنچ گئے ہیں جہاں ان کی ملاقات امریکی ہم منصب مارکو روبیو سے ہوئی۔ اس ملاقات میں علاقائی سیاسی و عسکری صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے غزہ کی صورتحال اور پائیدار جنگ بندی کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
خیال رہے کہ امریکی صدر کے اگلے ماہ متوقع دورہ سعودی عرب کے پس منظر میں یہ ملاقات اہم ہے۔ صدر ٹرمپ نے پچھلے ہفتے کہا تھا ان کا سعودی عرب کا اپنے دوسرے دور اقتدار کا پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔ ممکن ہے اس موقع پر وہ دوسرے خلیجی ملکوں کا دورہ بھی کریں۔
ٹرمپ نے کہا میرے مشرق وسطیٰ کے ساتھ بڑے اچھے تعلقات ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ اپنے گہرے تعلقات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ تعلقات عظیم اور حیران کن ہیں۔
امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس کے مطابق روبیو نے سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا کہ وہ روس و یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے امریکہ کی مدد کر رہا ہے اور اسی طرح امریکہ کے ساتھ اس کے گہرے معاشی اور دفاعی تعلقات ہیں۔