
سعودی عرب کے شہریوں اور رہائشیوں کو سات ماہ کے وقفے کے بعد اسلام کے مقدس ترین مقام مکہ اور مدینہ میں عمرہ ادا کرنے کی اجازت دے دی گئی۔
تین مراحل میں کھولنے کے منصوبے کے پہلے مرحلے کا آغاز اتوار کو ہوا۔ جس کے بعد 6000 مسلمانوں نے سماجی فاصلے کے اصول کو اپناتے ہوئے عمرہ ادا کیا۔
کورونا وبا کے پھیلاو کے بعد سعودی حکومت نے مکہ اور مدینہ میں زائرین پر پابندی عائد کر دی تھی جبکہ گزشتہ ماہ سرکاری مواصلاتی ادارے نے اعلان کیا کہ ریاست پہلے مرحلے میں 6000 افراد کو عمرہ کی اجازت دے گی جس کا آغاز 4 اکتوبر کو ہو گا۔
دوسرے مرحلے کا آغاز 18 اکتوبر ہو ہو گا جس کے تحت 15 ہزار عمرہ زائرین اور 40 ہزار شہریوں اور رہائشیوں کو مقررہ اوقات پر کعبہ شریف میں نماز ادا کرنے کی اجازت ہو گی۔
تیسرے مرحلے جس کا آغاز نومبر میں ہو گا میں مخصوص ممالک جہاں وبا قابو میں ہے سے آنے والے زائرین کو عمرہ کی اجازت دی جائے گی۔