
سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے لئے حفاظتی تدابیر جاری کر دی ہیں۔ مسجد الحرام میں زائرین کے درمیان سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لئے رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں ہیں۔
حجر اسود کو بوسہ دینے کی اجازت نہیں ہو گی اور دور سے ہی اس کی زیارت کی جا سکے گی۔
سعودی وزارت حج نے کہا ہے کہ دن میں دس بار مسجد الحرام کو خصوصی محلول سے دھویا جائے گا تاکہ وائرس کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔
مسجد الحرام کے اندر ہی قرنطینہ کے لئے کمرے بنا دیئے گئے ہیں۔ کسی بھی زائر میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے فوری بعد ہی اسے قرنطینہ کمرے میں منتقل کر دیا جائے گا۔
سعودی عرب نے دنیا بھر سے عمرہ کی ادائیگی کے لئے آنے والوں پر پابندی یکم نومبر سے ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
4 اکتوبر سے مسجد الحرام میں عمرہ کی اجازت مقامی افراد کو دی گئی ہے۔ یومیہ صرف 6 ہزار افراد کو عمرہ کرنے کی اجازت ہو گی۔ 18 اکتوبر سے خلیجی ریاستوں کے شہریوں کے لئے عمرہ کی پابندی ختم کر دی جائے گی۔
18 اکتوبر سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں 15 ہزار افراد کو داخل ہونے دیا جائے گا۔
یکم نومبر سے دنیا بھر کے زائرین کے لئے دونوں مقدس مقامات کھول دیئے جائیں گے تاہم حکومت نے کہا ہے کہ حفاظتی تدابیر پر ہر صورت عمل کروایا جائے گا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث گذشتہ چھ ماہ سے سعودی حکومت نے عمرہ کی ادائیگی پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔