کویت کے امیر صباح الاحمد الجابر الصباح کا 91 برس کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ وہ طویل عرصے سے علیل تھے۔
1929 میں پیدا ہونے والے شیخ صباح کویت کی جدید سفارتی پالیسی کے روح رواں تھے۔ وہ 1963 سے 2003 تک چالیس سال کویت کے وزیر خارجہ رہے۔ وہ 2006 میں شیخ جابر الصباح کے انتقال کے بعد کویت کے امیر بن گئے تھے۔
اگست 2019 میں وہ شدید علیل ہو گئے۔ حکومت نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ کچھ طبی پیچیدگیوں کی وجہ سے شیخ صباح کو اسپتال داخل کیا گیا ہے۔
اس سال جولائی میں وہ امریکہ سرجری کے لئے گئے تھے۔ امریکی ایئر فورس کے C-17 طیارے میں انہیں کویت سے امریکہ کے روچیسٹر منی سوٹا کے میو کلینک پہنچایا گیا تھا۔
2002 میں شیخ صباح کا اپنڈکس کا آپریشن کیا گیا تھا۔ 2007 میں بھی امریکہ میں ان کا ایک آپریشن ہوا تھا۔
شیخ صباح کی شدید علالت کے بعد کویت کے آئین کے مطابق ان کے سوتیلے بھائی 83 سالہ ولی عہد نواف الاحمد الصباح کو امیر بنایا گیا تھا۔
اس سے پہلے نواف الاحمد کویت کے وزیر دفاع اور وزیر داخلہ بھی چکے ہیں۔