
فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی کے خلاف عدالت میں اتنخابی مہم کے لئے لیبیا کے سابق آمر معمر قذافی سے رشوت لینے کے کیس کی سماعت شروع ہو گئی ہے۔
پیرس کی ایک عدالت میں سرکوزی پر الزامات عائد کئے گئے۔ ان میں معمر قذافی سے انتخابی مہم کے لئے رشوت لینے، سرکاری فنڈز میں خورد برد، اپنے اختیارات کے ناجائز استعمال، انتخابی مہم کے لئے غیر قانونی ذرائع استعمال کرنے اور اپنی کمپنی کے اثاثوں کے غلط استعمال سمیت دیگر الزامات شامل ہیں۔ پراسیکیوٹرز کی طرف سے الزام ہے کہ سرکوزی نے اپنی اتنخابی مہم کے لئے پانچ کروڑ یورو کی رشوت لی تھی۔
نکولس سرکوزی نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ بے گناہ ہیں۔ 24 ستمبر کو پیرس کی ایک عدالت نے ان الزامات کے تحت مقدمہ چلانے کی منظوری دیتے ہوئے سماعت جاری رکھنے کا حکم دیا تھا۔
28 ستمبر کو نکولس سرکوزی نے تحقیقات اور مقدمہ ختم کرنے کی اپیل کی جو عدالت نے مسترد کر دی۔
جون 2019 سے نکولس سرکوزی عدالت میں حاضر نہیں ہو رہے تھے۔ پراسیکیوٹر نے 2012 میں میڈیا پارٹ میں شائع ایک خبر کو اپنے الزامات کے ثبوت کے طور پر شامل کیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ نکولس سرکوزی نے معمر قذافی سے انتخابی مہم کے لئے بھاری رشوت لی تھی۔ اس الزام کے ثبوت کے طور پر اخبار نے تصدیق شدہ ڈاکومنٹس بھی شائع کئے تھے۔
اب تک سرکوزی کے خلاف بدعنوانیوں کے 9 مقدمات درج کئے جا چکے ہیں۔