کہتے ہیں کہ کتابیں انسان کی سب سے بہترین دوست ہوتی ہیں ۔اس جملے میں کوئی شک کی بات نہیں۔تاریخ میں نظر دھوڑائی جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ کتابوں نے انسانوں کی زندگی کے ہر حصے میں اُنکی مدد کی ہے اور ہر مشکل میں انکو راستہ دکھایا ہے۔
کتابوں کی اسی اہمیت کو سمجھتے ہوئے ترکی کے شہر برسا نے اپنے روشن مستقبل کے لیے ایک قدم اُٹھایا ہے۔برسا میں کھلی ہوا میں موجود ایک لائبریری کا انعقاد کیا گیا ہے جہاں مختلف کتابوں سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے لوگ سماجی دوری کا خیال رکھتے ہوئے تازی ہوا سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
میئرعلی نور اکتاش کا کہنا تھا کہ بلدیہ کی مدد سےشہر کے مرینو پارک میں 3ایکڑ رقبے پر بنی یہ لائبریری 24 گھنٹے کھلی رہے گی۔یہ لائبریری بلدیہ کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ لوگ اب اپنی روز مرہ کی زندگی میں کتابوں کا استعمال باآسانی کرسکیں گے۔
اکتاش کا اپنے تحریری بیان میں کہنا تھا کہ ہم لاک ڈاون کے وقت بھی لوگوں کے گھروں میں کتابوں کی ڈلیوری کر رہے تھے۔
کرسیوں،گدوں، بڑے جھولوں اور دوسرے فرنیچر پر بیٹھ کر لوگ اب موبائل کے ذریعے 4000 کتابوں سے لطف اُٹھا سکتے ہیں۔
آوٹ ڈور لائبریری میں درختوں کے سائے تلے بیٹھ کرمفت وائی فائی کے ذریعے22,000 ای بک تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
بچوں کے لیے لائبریری میں تفریحی کارنر بھی موجود ہے جہاں بچے رنگ بھرنے والی کتابوں میں رنگ بھر سکتے ہیں اور اپنی دوسری صلاحیتوں کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
باقی تمام چیزوں کی طرح لائبریریوں کو بھی مارچ میں بند کردیا گیا تھا۔اور جون میں سخت قوانین کے ساتھ دوبارہ کھول دیا گیا ۔بہت سی لائبریریوں میں داخلے کے لیے پہلے سے اندراج کرانا بھی لازم قراردے دیا گیا ہےاور قوانین پر پوری طرح عمل کرنے کی ترغیب بھی کی گئی ہے۔