Turkiya-Logo-top

نکولس کیج کی غیر ریلیز فلم گم ہونے پر پروڈیوسر کا نیٹ فلکس کے خلاف 10 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہرجانے کا مقدمہ

ہالی ووڈ کے پروڈیوسر اور مصنف سائمن افرام نے اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس کے خلاف 10 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہرجانے کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ ان کا الزام ہے کہ نکولس کیج کی مرکزی کردار والی غیر ریلیز فلم "Fortitude” کی ماسٹر کاپی نیٹ فلکس کے قبضے میں رہتے ہوئے گم یا چوری ہوگئی، جس کے باعث فلم کی تجارتی اہمیت اور مستقبل کی تقسیم کے امکانات شدید متاثر ہوئے ہیں۔

مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک

عدالتی دستاویزات کے مطابق پروڈیوسر نے فلم کی ایک غیر خفیہ (Unencrypted) ماسٹر کاپی جون میں نیٹ فلکس کو اس غرض سے فراہم کی تھی کہ کمپنی فلم کی خریداری اور تقسیم کے حوالے سے اس کا جائزہ لے سکے۔ تاہم چند روز بعد نیٹ فلکس نے اطلاع دی کہ اس کے ہالی ووڈ دفتر سے متعدد ہارڈ ڈرائیوز چوری ہوگئی ہیں، جن میں "Fortitude” کی کاپی بھی شامل تھی۔

سائمن افرام کا مؤقف ہے کہ فلم پر سات برس کی محنت اور تقریباً 4 کروڑ 50 لاکھ ڈالر لاگت آئی، لیکن ماسٹر کاپی کے غائب ہونے کے بعد اس کے لیک ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے ممکنہ خریدار فلم کی عالمی تقسیم کے حقوق خریدنے سے ہچکچائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسی صورتِ حال میں فلم کی مارکیٹ ویلیو تقریباً ختم ہوچکی ہے، اسی لیے وہ 10 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہرجانے کے طلبگار ہیں۔

دوسری جانب نیٹ فلکس نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی فلم کے حقوق کی مالک نہیں تھی اور نہ ہی وہ اس نقصان کی ذمہ دار ہے۔ کمپنی کے مطابق فلم کی کاپی صنعت کے مقررہ سیکیورٹی معیارات کے مطابق محفوظ نہیں تھی، جبکہ واقعے کے بعد چوری کی تحقیقات میں تعاون کیا گیا اور ممکنہ آن لائن لیکج پر نظر رکھنے کی پیشکش بھی کی گئی۔

مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک

واضح رہے کہ "Fortitude” دوسری جنگ عظیم کے پس منظر میں بننے والی ایک جاسوسی تھرلر فلم ہے، جس میں نکولس کیج کے علاوہ بین کنگزلے، مائیکل شین، رون پرل مین اور میتھیو گوڈ سمیت کئی معروف اداکار شامل ہیں۔ فلم ابھی تک ریلیز نہیں ہوئی اور اس کی عالمی تقسیم کے حقوق بھی فروخت نہیں کیے گئے، جبکہ مقدمے کے باعث اس کے مستقبل پر غیر یقینی کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔

Read Previous

حفیظ طاہر نے ’عینک والا جن‘ کے اے آئی ریمیک کو اصل تخلیق کی توہین قرار دے دیا

Leave a Reply