آسٹریلیا کی فوج کے سربراہ جنرل اینگس کیمپبیل نے معصوم افغان شہریوں کے قتل پر معافی مانگی اور قتل کی تحقیقات سے متعلق آگاہ کیا۔
آسٹریلیا کی حکومت نے اسپیشل فورسز کے ہاتھوں معصوم افغان شہریوں کے قتل کی تحقیقات شروع کی تھیں جس میں یہ ثابت ہوا کہ اسپیشل فورسز کے ہاتھوں معصوم افغان شہری قتل ہوئے۔
جنرل اینگس کیمپبیل نے کہا کہ وہ آسٹریلوی فوجیوں کے غیر قانونی اور غلط کام پر سنجیدگی سے معافی چاہتے ہیں۔ اینگس کیمپبیل نے افغان سیکیورٹی فورسز کے سربراہ جنرل یاسین ضیا سے بھی بات کی اور اپنا پیغام ان تک پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے سے افغان عوام کا آسٹریلوی فورسز پر اعتماد مجروح ہوا ہے۔ آسٹریلوی فوج غمزدہ خاندانوں کے دکھ اور سوگ میں ان کے ساتھ ہے۔ اسپیشل فورسز کے اس ظلم سے افغان شہریوں کو جو تکالیف ہوئیں اس کے لئے آسٹریلوی فوج معذرت خوا ہے۔
آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے اپنے افغان ہم منصب اشرف غنی کو فون کیا اور ان سے اس واقعے پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔
اسکاٹ موریسن نے آسٹریلیا کی اسپیشل فورسز کے ہاتھوں معصوم افغان شہریوں کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ افغان صدر اشرف غنی نے امید ظاہر کی کہ غمزدہ افغان خاندانوں کو انصاف ملے گا اور آسٹریلیا کی حکومت اس قتل عام میں ملوث فوجیوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔