اسلام آباد: ترکیہ کے لیے پاکستان کی نامزد سفیر آمنہ بلوچ نے ایوانِ صدر میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ صدر نے دوطرفہ تجارت کا متفقہ ہدف 5 ارب ڈالر حاصل کرنے، سرمایہ کاری بڑھانے اور اسٹریٹجک و ابھرتی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے پر زور دیا۔
سرکاری بیان کے مطابق صدر نے توانائی، زراعت، لائیو اسٹاک، کان کنی، جہاز توڑنے کی صنعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، دفاعی صنعتوں اور خصوصی اقتصادی زونز میں تعاون بڑھانے کی ضرورت اجاگر کی۔
انہوں نے جامعات کے درمیان روابط، عوامی تبادلوں، ثقافتی تعلقات اور سیاحت کے فروغ پر بھی زور دیا اور ترکیہ کے سیاحتی تجربے سے استفادے کی اہمیت بیان کی۔
صدر نے آمنہ بلوچ کو ہدایت کی کہ ترکیہ میں پاکستانی برادری، طلبہ اور کاروباری افراد سے قریبی رابطہ رکھتے ہوئے مؤثر قونصلر خدمات اور بروقت معاونت یقینی بنائیں۔ انسانی اسمگلنگ کے انسداد کے لیے دونوں ممالک کے اداروں میں رابطہ اور معلومات کا تبادلہ بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔
صدر زرداری نے آمنہ بلوچ کو تقرری پر مبارک باد دی، بطور سیکریٹری خارجہ ان کی خدمات کو سراہا اور ترک صدر رجب طیب ایردوان کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔
