ترکی کے صدر طیب اردوان سفارتی طور پر کوشش کر رہے ہیں تاکہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر ایک مشترکہ ریسپانس سینٹر قائم کیا جائے۔ صدر کے ترجمان فرحتین التون نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے طیب اردوان عالمی رہنماؤں کے ساتھ رابطے کر رہے ہیں تاکہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے عالمی سطح پر ایک مشترکہ پلیٹ فارم تشکیل دیا جائے۔ صدر نے اپنی کابینہ اور دیگر سرکاری اداروں کے ساتھ ایک ٹیلی کانفرنس اجلاس کیا جس میں ایک مشترکہ عالمی پلیٹ فارم کی تیاری کیلئے اقدامات کرنے کو کہا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق اس وقت دنیا کے تمام ممالک کو ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کی ضرورت ہے تاکہ کورونا وائرس سے نمٹنے کی ایک مشترکہ حکمت عملی ترتیب دی جا سکے۔ ترکی میں کورونا وائرس سے ساتویں ہلاکت پر طیب اردوان نے کہا کہ حکومت اس خطرے کو سنجیدہ لے رہی ہے۔ معیشت کو مستحکم رکھنے کیلئے حکومت عوام کی صحت سے متعلق تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق حکومت کورونا وائرس سے بچاؤ کی تمام کوششیں بروئے کار لا رہی ہے جس میں وائرس سے متعلق ٹیسٹ، مشتبہ مریضوں کیلئے قرنطینہ کی سہولت، تجرباتی ادویات اور لوگوں کو ایک دوسرے سے میل جول کو روکنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ صدر نے طبی عملے اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ترکی میں اب تک 44 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ترک حکومت کی کوششوں اور اقدامات کو سراہا جا رہا ہے۔ انقرہ میں امریکی سفیر ڈیوڈ سیٹر فیلڈ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں ترک طبی عملے کو ہیرو قرار دیتے ہوئے حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اس وقت دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 17 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 18،600 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔