ترک صدر رجب طیب ایردوان ایک روزہ سرکاری دورے پر سعودی شہر جدہ پہنچ گئے، جہاں کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مکہ مکرمہ ریجن کے نائب گورنر مشعل بن عبدالعزیز آل سعود نے ان کا استقبال کیا۔
صدر ایردوان دورے کے دوران سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان، پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات میں ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی، دفاعی صنعت، بحری سکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی اور باہمی اسٹریٹجک شراکت داری سمیت مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
جس کے بعد ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سہ فریقی اسٹریٹجک دفاعی معاہدے پر دستخط کا امکان ہے۔
گزشتہ برسوں میں ترکیہ نے اپنی دفاعی صنعت میں نمایاں ترقی کرتے ہوئے ڈرونز، میزائل سسٹمز، بکتر بند گاڑیوں اور جنگی بحری جہازوں کی تیاری میں عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا ہے، جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعاون بھی مسلسل فروغ پا رہا ہے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ اگر معاہدہ طے پا جاتا ہے تو اس سے تینوں ممالک کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں، دفاعی صنعت، انٹیلی جنس تعاون، جدید عسکری ٹیکنالوجی اور بحری سلامتی کے شعبوں میں شراکت داری مزید مضبوط ہوگی، جسے خطے میں اسٹریٹجک تعاون کی ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔
