مکہ مکرمہ میں سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ نے مشترکہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے ہیں تینوں ممالک کے درمیان ہونے والا یہ معاہدہ خطے میں سلامتی، دفاعی شراکت داری اور مشترکہ حکمت عملی کے حوالے سے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر ترک صدر رجب طیب ایردوان اور پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب پہنچے جہاں مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاعی سربراہی اجلاس منعقد ہوا۔
مکہ مکرمہ کے قصر الصفا میں ہونے والے اجلاس میں سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ترک صدر رجب طیب ایردوان اور پاکستانی وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان موجود تاریخی تعلقات، دفاعی تعاون، مشترکہ مفادات اور خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تینوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ عالمی اور علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
مکہ دفاعی معاہدہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کا ایک نیا فریم ورک ہے، جس کا مقصد تینوں ممالک کی اجتماعی سلامتی کو مزید بہتر بنانا ہے۔

معاہدے کے تحت تینوں ممالک دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے، سیکیورٹی رابطوں کو مضبوط کریں گے اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے۔
معاہدے کی اہم شق کے مطابق اگر کسی ایک رکن ملک پر مسلح حملہ ہوتا ہے تو اسے تینوں ممالک کی سلامتی کے لیے خطرہ تصور کیا جائے گا
سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات تاریخی، مذہبی اور اسٹریٹجک بنیادوں پر قائم ہیں۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کئی دہائیوں پر محیط ہے، جبکہ ترکیہ اور پاکستان بھی دفاعی صنعت، عسکری تربیت اور مختلف شعبوں میں قریبی تعاون رکھتے ہیں۔
حالیہ برسوں میں تینوں ممالک نے اقتصادی، سفارتی اور دفاعی میدانوں میں تعلقات کو مزید وسعت دی ہے
مبصرین کے مطابق سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون میں اضافہ مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کی سیکیورٹی صورتحال پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔

یہ معاہدہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطہ مختلف سیاسی اور سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔ تینوں ممالک کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد امن، استحکام اور مشترکہ سلامتی کو فروغ دینا ہے
مکہ دفاعی معاہدہ تینوں ممالک کے درمیان تعاون کے ایک نئے مرحلے کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس کے ذریعے دفاعی روابط، معلومات کے تبادلے اور مشترکہ حکمت عملی کے امکانات میں اضافہ متوقع ہے۔
سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ خطے اور دنیا میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے
