
بھارت کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے اور بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں کشمیر میں کشمیریوں پر ہو رہے ظلم اور انکے انسانی حقوق کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے انقرہ کی ڈسٹرکٹ کیچی اورین میں تصویری نمائش کا آغاز ہو گیا۔
نمائش کا افتتاح کیچی اورین ڈسٹرکٹ کے میئر ترگت آلتن اوک اور پاکستان کے ناظم الامور عباس سرور قریشی نے مشترکہ طور پر کیا۔
یہ نمائش چوتھے یوم استحصال کشمیر کے دن کی مناسبت سے منعقد کی گئی ہے جب بھارتی حکومت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کیے تھے۔
میئر کیچی اورین ترگت آلتن اوک
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کیچی اورین ترگت آلتن اوک نے کشمیر کاز کے لیے ترکیہ کی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ آزادی اور انصاف کی خواہش ہمیشہ جبر اور ظلم پر غالب آتی ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ کشمیر کا مقدر آزادی کی صبح دیکھنا ہے اور اس جدوجہد میں ترک بھائی ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
سی ڈی اے عباس سرور قریشی
سی ڈی اے عباس سرور قریشی کا کہنا تھا کہ اس نمائش میں دل کو دہلادینے والی اور فکر انگیز تصاویر کی نمائش کی جا رہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر تصویر بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف لڑنے والے کشمیریوں کے غیر متزلزل جذبے کی گواہی دیتی ہے
انکا کہنا تھاکہ یہ نمائش اس بات کی یاد دہانی کرواتی ہے کہ بنیادی انسانی حقوق کا حصول ایک مشترکہ ذمہ داری ہے اور یہ ہر انسان کا حق ہے ۔ اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر ہر شخص کو آواز بلند کرنی چاہیے۔
عباس سرور قریشی نے جموں و کشمیر کاز کی مسلسل حمایت پر صدر ایردوان کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب میں سفارت کاروں، سول سوسائٹی، میڈیا اور عام لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
یوم استحصالِ کشمیر
یوم استحصالِ کشمیر ہر سال 5 اگست کو پوری دنیا میں بھارت کی طرف سے اگست 2019 میں جموں و کشمیر کے علاقے پر اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے گھناؤنے اقدامات کی یاد میں منایا جاتا ہے۔