turky-urdu-logo

نیویارک میں وائرس سے جاں بحق افراد کی اجتماعی قبر میں تدفین

امریکہ کا مالیاتی، کاروباری اور تجارتی مرکز نیویارک اس وقت کورونا وائرس کا مرکز بنا ہوا ہے۔ جہاں ہر روز وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ دوسری طرف وائرس سے اموات کا سلسلہ بھی زور پکڑ رہا ہے۔

اموات میں اضافے کے باعث نیویارک کی مقامی حکومت نے ہرٹ لینڈ میں اجتماعی قبر کھود کر سینکڑوں لوگوں کی تدفین کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ نیویارک میں پچھلے 150 سال سے یہ جگہ ایسے افراد کی تدفین کیلئے استعمال ہو رہی تھی جن کا کوئی والی وارث نہیں تھا۔ یہاں عام طور پر قبروں کی کھدائی کا کام قیدیوں سے لیا جاتا ہے لیکن اجتماعی قبروں کی کھدائی کیلئے ایک پرائیویٹ کنٹریکٹر کی خدمات حاصل کی گئیں ہیں۔ نیویارک سٹی کے میئر بِل ڈی بلاسیو نے کہا ہے کہ اموات کی شرح بڑھنے سے مقامی قبرستانوں کو بھی اجتماعی تدفین کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

امریکہ کی ریاست نیویارک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کسی بھی ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 10 ہزار افراد وائرس سے متاثر ہو کر اسپتال پہنچ چکے ہیں جس کے بعد صرف نیویارک میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ اٹلی میں وائرس کے ایک لاکھ 43 ہزار اور اسپین میں ایک لاکھ 53 ہزار مریض اسپتالوں میں داخل ہیں۔ نیویارک میں اب تک 7 ہزار افراد وائرس کا شکار ہو کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

امریکہ میں اب تک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 62 ہزار ہو چکی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 16 ہزار 500 سے زائد ہے۔ دوسری طرف دنیا بھر میں 16 لاکھ افراد وائرس سے متاثر ہیں جبکہ 95 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو کر جاں بحق ہو چکے ہیں۔

نیویارک کے گورنر اینڈریو کومو نے کہا ہے کہ وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ بدھ کو 200 افراد وائرس سے متاثر ہو کر اسپتال میں داخل کئے گئے ہیں۔ متاثرہ افراد کی تعداد میں کمی سے یہ امید بڑھتی جا رہی ہے کہ جلد ہی وائرس پر قابو پا لیا جائے گا۔ وہائٹ ہاؤس کی کورونا وائرس ٹاسک فورس کے ممبر ڈاکٹر انتھونی فوکی نے کہا ہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد کا تخمینہ 60 ہزار لگایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے امریکی صدر کہہ چکے ہیں کہ امریکہ میں وائرس سے 2 لاکھ 40 ہزار امریکی جاں بحق ہو سکتے ہیں۔

Read Previous

امریکی مرکزی بینک کا 2 ہزار 300 ارب ڈالر پیکج کا اعلان

Read Next

خام تیل کی پیداوار میں یومیہ ایک کروڑ بیرل کمی کا فیصلہ

Leave a Reply