اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں غربت کے شکار بچوں کی تعداد ایک ارب 20 کروڑ ہو چکی ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارے یونسیف اور سیو دی چلڈرن نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا میں غربت کے شکار بچوں کی تعداد 15 کروڑ بڑھ چکی ہے۔
سب سے زیادہ غربت کے شکار بچوں کا تعلق کم آمدنی اور متوسط طبقے سے ہے۔ رپورٹ میں 70 ممالک سے تعلق رکھنے والے بچوں کے اعداد و شمار اکٹھے کئے گئے ہیں۔ تعلیم، صحت، گھر، نیوٹریشن، نکاسی آب اور صاف پانی تک رسائی جیسے معاملات کا جائزہ لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 45 فیصد بچے انتہائی غربت کا شکار ہیں۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا نے صورتحال مزید بگاڑ دی ہے۔ آنے والے دنوں میں حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔
غربت کے شکار ممالک کو سماجی تحفظ اور مالیاتی پالیسیاں، سوشل سروسز میں سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے تاکہ بچوں کو غربت اور بھوک سے باہر نکالا جا سکے۔