پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے دارالحکومت اسلام آباد کے قریب 100 بستروں کے ایک شیلٹر ہوم کا افتتاح کر دیا۔ یہ شیلٹر ہوم ترکی کے سرکاری خیراتی ادارے ترکش کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی (ٹِکا) نے تعمیر کیا ہے۔
اس شیلٹر ہوم میں پاکستان کا سرکاری ادارہ بیت المال ہر روز 400 افراد کے کھانے کا انتظام کرے گا۔ اس شیلٹر ہوم میں 100 افراد کی رہائش کا انتظام ہے۔ ٹکا کا کہنا ہے کہ اسی شیلٹر ہوم کے ساتھ خواتین اور فیلمیز کے لئے بھی علیحدہ شیلٹر ہومز بنائے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ایک مسجد بھی تعمیر کی جائے گی۔
وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان میں ترکی کے سفیر احسان مصطفیٰ یرداکل نے شیلٹر ہوم کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور یہاں تیار ہونے والا کھانا بھی کھایا۔
اس شیلٹر ہوم کی تعمیر اکتوبر میں شروع کی گئی تھی جس میں ترک سفیر احسان مصطفیٰ نے خصوصی دلچسپی لی۔
ترک خیراتی اور امدادی تنظیم ٹکا پاکستان کے تعلیم، صحت عامہ، زراعت اور ووکیشنل ٹریننگ سمیت مختلف شعبوں میں کام کر رہی ہے۔