آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کے تاریخی علاقے اِچری شہر میں قومی لباس کے دن کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی سفارتخانے نے پاکستان کے متنوع ثقافتی ورثے اور روایتی ملبوسات کو پیش کیا۔
اِچری شہر اسٹیٹ ہسٹوریکل آرکیٹیکچرل ریزرو انتظامیہ کے زیرِ اہتمام شیروان شاہوں کے محل میں ہونے والی تقریب میں پاکستان کے مختلف علاقوں کے روایتی ملبوسات، زیورات، دستکاری اور ٹرک آرٹ نمائش کے لیے پیش کیے گئے، جنہوں نے شرکا کی خاص توجہ حاصل کی۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
تقریب میں آذربائیجان کے روایتی لباس، لوک موسیقی اور رقص کے علاوہ چین، جنوبی کوریا، عراق، تاجکستان، ملائیشیا، انڈونیشیا اور روس سمیت مختلف ممالک کے سفارتی مشنز نے بھی اپنے قومی ملبوسات اور ثقافتی پرفارمنس پیش کیے۔

قومی لباس کے دن کی سرگرمیوں میں روایتی ملبوسات کی نمائش، دستکاری کے عملی مظاہرے، ثقافتی پرفارمنس اور مختلف ملبوساتی مجموعوں کی پیشکش شامل تھی، جس کے ذریعے مختلف اقوام کی روایات اور تہذیبی شناخت کو ایک پلیٹ فارم پر اجاگر کیا گیا۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
تقریب میں آذربائیجان کی حکومتی شخصیات، فنون و ادب سے وابستہ نمائندوں اور سفارتی برادری کے ارکان نے شرکت کی۔
پاکستانی سفارتخانے کے مطابق تقریب میں شرکت سے پاکستان کے ثقافتی تنوع اور بھرپور ورثے کو اجاگر کرنے کے ساتھ پاکستان اور آذربائیجان کے تاریخی ثقافتی روابط بھی نمایاں ہوئے، جبکہ یہ موقع مختلف اقوام کے درمیان ثقافتی تبادلے اور باہمی مفاہمت کے فروغ کا ذریعہ بنا۔
