آذربائیجان میں پاکستان کے سفیر بلال حئی نے آذری وزیر تجارت میخائل جباروف سے ملاقات کی۔
اس اہم ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے حوالے سے مختلف آپشنز پر بات ہوئی۔
پاکستانی سفیر بلال حئی نے آذربائیجان کے وزیر تجارت میخائل جباروف کو سیالکوٹ میں تیار کیا ہوا فٹ بال بھی پیش کیا۔
پاکستانی سفیر نے بتایا کہ پاکستان کا شہر سیالکوٹ عالمی معیار کا کھیلوں کا سامان تیار کرنے کا اہم مرکز ہے۔
یہاں کے بنے ہوئے فٹ بال عالمی مقابلوں میں استعمال ہوتے ہیں۔ فیفا بھی پاکستانی فٹ بالز کا ایک بڑا خریدار ہے۔ اس کے علاوہ دنیا میں جہاں کہیں بھی فٹ بال کھیلی جاتی ہے وہاں ہاکستانی فٹ بال ضرور ملیں گے۔
سیالکوٹ میں فٹ بال کے علاوہ دیگر کھیلوں کا سامان عالمی معیار کے مطابق تیار ہوتا ہے۔
آذربائیجان کے وزیر تجارت نے پاکستانی فٹ بال کے معیار کو سراہا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ جلد ہی دونوں ملکوں کے تجارتی وفود کا تبادلہ ہو گا تاکہ نجی شعبہ ایک دوسرے کے ساتھ مشترکہ کاروبار کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکے۔