پاکستان نے کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ اور کانسی کا تمغہ جیت لیا

برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ  گیمز میں پاکستان نے گولڈ اور کانسی کا میڈل جیت لیا ۔پاکستان کے نوح دستگیر بٹ نے ویٹ لفٹنگ میں گولڈ میڈل جیتا،جبکہ شاہ حسین شاہ نے جوڈو مقابلے میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا

قومی ویٹ لفٹرنے 109پلس ویٹ لفٹنگ میں گولڈ میڈل حاصل کیا، انہوں نے مجموعی طور پر 405 کلو گرام وزن اٹھا کر یہ میڈل اپنے نام کیا۔

انہوں نے اسنیچ میں 173 جبکہ کلین اینڈ جرک میں 232 کلو وزن اٹھایا۔

نوح دستگیر بٹ کو صدر پاکستان، وزیراعظم پاکستان، وزیراعلیٰ پنجاب سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی جانب سے مبارکباد دی جا رہی ہے۔

24 سالہ  نوح دستگیر  اس سے قبل2018 کے کامن ویلتھ گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔2017 اور 2021میں منعقدہ کامن ویلتھ ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں چاندی کے تمغے جیتے۔ وہ دو مرتبہ کامن ویلتھ جونیئر ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں بھی کانسی کے تمغے جیت چکے ہیں۔

قومی ایتھلیٹ نے اپنے ٹوئٹر ا کاؤنٹ میں پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ میری زندگی کا سب سے خوشی والا دن ہے اور میں اللہ کا شکر ادا کرتاہوں  کہ میں نے آج اپنے ملک کا نام فخر سے بلند کیا

اس سے قبل  کامن ویلتھ گیمز میں جوڈو مقابلے میں پاکستان کے شاہ حسین شاہ نے کانسی کا میڈل اپنے نام کیا ہے۔انہوں نے 90کلو گرام کیٹیگری میں یہ میڈل حاصل کیا۔ انہوں نے برازیل کے تھامس لازلو کو شکست دی۔ شاہ  حسین شاہ نے دوسری مرتبہ کامن ویلتھ گیمز میں میڈل جیتا ہے، شاہ حسین 2014 کے مقابلوں میں سلور میڈل جیت چکے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کے فہد خواجہ نے ٹیبل ٹینس سنگلز میں آخری گروپ میچ بھی جیت لیا۔ انہون نے میچ میں  رینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو کے ڈیرن ڈوگلاس کو شکست دی ۔ فہد خواجہ  گروپ 15 کے تینوں میچز جیت کر راؤنڈ آف 32 میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔

قومی ایتھلٹ نے گروپ 15کے دوسرے میچ میں بنگلادیش کے محتسین کو شکست دی تھی۔اس سے قبل انہوں نے  پہلے میچ میں گیانا کے کھلاڑی کو شکست دی تھی۔

Read Previous

پاکستانی کرکٹر بابر اعظم کی ون ڈے اور ٹی 20 میں پہلی پوزیشن برقرار

Read Next

آذربائیجان کا متنازح علاقے کاراباخ کی کئی اسٹریٹجک چوٹیوں پر قبضے کا دعوی

Leave a Reply