پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی نیویارک میں ملاقات ہوئی جس میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم کیے جانے والے ادارہ جاتی ڈھانچے پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جبکہ علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں تینوں وزرائے خارجہ نے معاہدے کے تحت جنرل سیکریٹریٹ، کمیٹیوں اور ورکنگ گروپس کے قیام سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا، جبکہ ان اداروں کی سرگرمیوں کے آغاز کے لیے جاری تیاریوں پر بھی بات چیت کی گئی۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب پر حالیہ حملوں کی مذمت کی گئی اور مملکت کی سلامتی کے تحفظ کے لیے اس کے حقِ دفاع کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
تینوں وزرائے خارجہ نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے مسلح افواج کے سربراہان کا ایک ہنگامی اجلاس بلانے کے انتظامات پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ مجوزہ اجلاس میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کی معاونت کے طریقۂ کار پر غور کیا جائے گا۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
تینوں ممالک نے بحری راستوں کی سلامتی اور آزادانہ آمدورفت یقینی بنانے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا، جبکہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے کشیدگی میں کمی اور جاری بحرانوں کے پرامن حل کی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
