
پاکستانی سینما کی تاریخ میں کمائی کے نئے ریکارڈ بنانے والی ایکشن پنجابی فلم ’دی لیجنڈ: آف مولا جٹ‘ میں ہیرو فواد خان کی جانب سے استعمال کیا جانے والا گنڈاسا سوا کروڑ روپے سے زائد رقم میں نیلام ہوگیا۔
بھاری کلہاڑے کی طرح نظر آنے والے گنڈاسے کو فواد خان فلم میں استعمال کرتے دکھائی دیے تھے، وہ گنڈاسے سے اپنے دشمنوں کو سبق سکھاتے بھی دکھائی دیے تھے جب کہ مذکورہ گنڈاسے کو خصوصی طور پر تیار کروایا گیا تھا۔
’دی لیجنڈ: آف مولا جٹ‘ کو 2022 میں ریلیز کیا گیا تھا، جس نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریکارڈ کمائی کی تھی اور یہ پہلی پاکستانی فلم بنی تھی جسے دنیا بھر کے 5 ہزار سے زائد سینما اسکرینز پر ریلیز کیا گیا تھا۔
فلم کی شاندار کامیابی کے بعد حال ہی میں فواد خان جب کینیڈا کے شہر ٹورنٹو گئے تو انہوں نے وہاں ایک تقریب میں شرکت کی، جہاں فلم میں ان کے استعمال میں رہنے والے گنڈاسے کو فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔
فواد خان نے گنڈاسے کو فروخت کرنے کی ویڈیو اور تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مداح گنڈاسے کو خریدنے کے لیے بولی لگا رہے ہیں۔
گنڈاسے کی ابتدائی قیمت 45 ہزار کینیڈین ڈالر لگائی، تاہم ایک مداح نے اسے ریکارڈ 50 ہزار کینیڈین ڈالرز میں خرید لیا۔