
وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے پاکستان کی طرف سے جاری امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ترکیہ شام کہ زلزلہ متاثرین کے لیے پاکستان کی جانب سے بھیجی جانے والی امداد کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا. اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان کی طرف سے اس وقت تک مجموعی طور پر زلزلہ متاثرین کیلئے 8 ہزار سے زائد خیمے، جبکہ 37 ہزار سے زائد کمبل زلزلہ متاثرین کو ترکیہ اور شام بھیجے گئے ہیں . پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پروازوں میں روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 8 سے 15 ٹن امدادی سامان ترکیہ اور شام روانہ کیا جا رہا ہے ۔ وزیر اعظم پاکستان نے ہدایت دی کہ جلد سے جلد ترکیہ اور شام میں امدادی سامان پہنچایا جائے
انہوں نے کہا ترکیہ میں بھیجے جانے والے خیموں کا معیار جانچنے کیلئے تھرڈ پارٹی ویری فیکشن یقینی بنائی جائے۔جبکہ وزیرِ اعظم پاکستان نے کسٹم حکام کو امدادی سامان کی فوری ترسیل کیلئے ہوائی اڈوں پر خصوصی انتظامات کی ہدایت کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان شام کے زلزلہ متاثرین کی مدد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کر رہا ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ آج پاکستان نیوی کا ایک بحری جہاز تقریباً ایک ہزار ٹن امدادی سامان لے کرشام اور ترکیہ روانہ ہو رہا ہے جس میں شام کے متاثرین کیلئے جنریٹرز، خوراک کا سامان ، دوائیاں جبکہ ترکیہ کے متاثرین کیلئے خیمے اور کمبل شامل ہیں.
اجلاس کو ترکیہ اور شام میں پاکستان کے سفیر نے امدادی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا. شام کے سفیر نے پاکستان کی طرف سے بھیجی جانے والے مدد کے مثبت ردعمل اور شام میں پاکستان انٹرنیشنل اسکول کے بچوں کی طرف سے ایک امدادی ٹرک اور 2 کروڑ سیرئین پاؤنڈ کی امداد کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔