
پاکستان کے بالائی علاقے تربیلا میں پاکستان اور ترکیہ کی مشترکہ فوجی مشق اتاترک 12 کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی، مشقوں میں دونوں ممالک کے فوجی دستے حصہ لے رہے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تربیلہ میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ’اتاترک 12- 2023 مشق‘ کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔
بیان میں بتایا گیا کہ تقریب کے آغاز میں دونوں ممالک کے قومی ترانے پڑھے گئے، ترکیہ کی خصوصی فورس اور پاکستان اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کے دستے مشق میں حصہ لے رہے ہیں۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ دو ہفتے کی طویل مشق کا مقصد انسداد دہشت گردی کی تکنیک کو فروغ دینا ہے۔
اس میں کمپاؤنڈ کلیئرنس، کیوو (غار) کلئیرنس، اسنپر ٹریننگ، کاؤنٹر امپروائز ایکسپلوسو ڈیوائس (آئی ای ڈی) ٹریننگ اور میڈیکل کیئر بھی شامل ہے۔
مشترکہ مشقوں کے باعث دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید تقویت ملے گی اس کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے تجربات سے متعلق بھی آگاہ کیا جائے گا۔