پاکستان اور کویت نے دفاعی اور سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے باہمی فوجی تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے لیے نئے معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں۔

پروٹوکول معاہدہ 2026 پر پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح نے راولپنڈی میں دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت پاکستان کی مسلح افواج کویت کی مسلح افواج کو مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کریں گی، جن میں تربیت، استعدادِ کار میں اضافہ، سرحدی انتظام اور دفاعی تعاون کے دیگر باہمی طور پر طے شدہ شعبے شامل ہیں۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
نیا معاہدہ 2023 میں پاکستان اور کویت کے درمیان طے پانے والے دفاعی تعاون کے معاہدے کے موجودہ فریم ورک کو مزید وسعت دیتا ہے۔
کویتی وزیر دفاع کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعلقات اور سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کویتی وزیر دفاع نے چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سکیورٹی صورتحال اور پاک کویت دفاعی تعاون پر بات چیت ہوئی۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
دونوں جانب سے دفاعی اداروں کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفاد پر مبنی دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث خطے میں دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مزید اہمیت حاصل ہو رہی ہے۔
