
وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے ترکیہ میں آنے والے شدید زلزلے پر ترک حکومت اور عوام سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار تعزیت کیا ہے۔
وزیراعظم پاکستان کا کا کہنا ہےکہ مشکل گھڑی میں ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں، پاکستان اپنے برادر عوام اور حکومت کی ہر ممکن مدد کرےگا، ترکیہ نے ہرمشکل میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ترکیہ اور شام میں زلزلے سےقیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئےکہا ہےکہ دکھ کی گھڑی میں پاکستانی عوام اور ميری ہمدردیاں ترکیہ اور شام کے ساتھ ہیں، اللہ تعالیٰ مرحومین کے ورثاءکو صبر جمیل اور مرحومین کو سکون نصیب فرمائے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کو یہ جان کر شدید دکھ ہوا ہے کہ جنوبی ترکیہ کے بعض حصوں میں شدید زلزلہ کے نتیجے میں قیمتی جانوں اور املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستانی عوام دکھ کی اس مشکل گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وفاقی وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری نے ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں بلاول بھٹو نے ترکیہ اور شام میں ہلاکتوں پر حکومت اور عوام سے اظہار تعزیت کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے زلزلے میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی