Turkiya-Logo-top

پاکستان اور یورپی یونین تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق، کاجا کالاس اور شہباز شریف کی اہم ملاقات

اسلام آباد: یورپی یونین کی خارجہ امور اور سلامتی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ اور یورپی کمیشن کی نائب صدر کاجا کالاس نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات، تعاون اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار, وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ, اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان, ایس اے پی ایم طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے کثیر الجہتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

وزیراعظم نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے آٹھویں دور میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تجارت، سرمایہ کاری، ماحولیاتی تبدیلی، سکیورٹی، ہجرت، پائیدار ترقی اور رابطہ کاری جیسے اہم شعبوں میں یورپی یونین کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے جی ایس پی+ اسٹیٹس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔

ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے خلیجی خطے میں امن کی کوششوں پر یورپی یونین کی حمایت کو سراہا اور کہا کہ پاکستان خطے میں استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر خطے میں امن کے لیے جاری کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ عالمی برادری، خصوصاً یورپی یونین، کو بھی مشترکہ کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے جنوبی ایشیا اور افغانستان کی صورتحال پر بھی یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کو پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا اور خطے میں دیرپا امن کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلہ فان ڈیر لائن کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دہرائی۔

اس موقع پر یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کاجا کالاس نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ یورپی یونین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اسٹریٹجک تعاون کو گہرا کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔

Read Previous

اسلام آباد کلب میں “نائٹ آف تھینکس” ایونٹ، ترکیہ سفیر سمیت اہم شخصیات کی شرکت

Leave a Reply