امریکی ڈرون ساز کمپنی پاور یوایس نے پاک فوج کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جبکہ معاہدے کے تحت کمپنی کو ڈرونز سے متعلق ابتدائی آرڈر بھی موصول ہوا ہے۔
کمپنی کے شریک بانی بریٹ ویلیکویچ نے رائٹرز کو بتایا کہ پاور یوایس اور پاک فوج کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے یہ معاہدہ بغیر پائلٹ فضائی نظام سے متعلق ہے جبکہ ابتدائی آرڈر کی مالیت بھی ظاہر نہیں کی گئی
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
رائٹرز کے مطابق مفاہمتی یادداشت اور ابتدائی آرڈر سے متعلق یہ پیش رفت اس سے قبل منظرعام پر نہیں آئی تھی۔
پاور یوایس فوجی اور صنعتی استعمال کے لیے فضائی اور بحری ڈرونز تیار کرنے والی امریکی کمپنی ہے۔ کمپنی کی جانب سے اسٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈ **اوریئس گرین وے ہولڈنگز کے ساتھ انضمام بھی متوقع ہے، جو اکتوبر کے آغاز میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔
اوریئس گرین وے ہولڈنگز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹوں ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر اور ایرک ٹرمپ کی حمایت حاصل ہے۔ امریکی ریگولیٹری دستاویزات کے مطابق انضمام کے بعد امریکی وینچرز فنڈ کی مشترکہ کمپنی میں تقریباً 9.9 فیصد بالواسطہ ملکیت متوقع ہے۔
دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بریٹ ویلیکویچ کی سربراہی میں پاورَس کے وفد نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دفاعی خریداری، دفاعی پیداوار اور طویل مدتی استعداد بڑھانے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تاہم آئی ایس پی آر کے بیان میں پاورَس کے ساتھ مفاہمتی یادداشت یا ابتدائی آرڈر کا ذکر نہیں کیا گیا۔
پاور یوایس کے بانی اور چیف ایگزیکٹو اینڈریو فاکس نے پاکستان کے نجی دفاعی شعبے کو ابھرتا ہوا قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی کمپنیوں کے لیے یہاں تیزی سے پیش رفت کے مواقع موجود ہیں۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
کمپنی کے شریک بانی بریٹ ویلیکویچ نے کہا کہ پاور یوایس کا مقصد پاکستان کے ساتھ ایک ایسی ٹیکنالوجی شراکت داری قائم کرنا ہے جس میں دونوں ممالک کی جدید ٹیکنالوجی کو یکجا کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاور یوایس پاکستان میں اپنی ٹیکنالوجی کی ممکنہ تیاری کے امکانات کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔
