حکومت پاکستان نے غیر ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو ایئر لائنز سے براہ ٹکٹس خریدنے کی اجازت دے دی ہے۔ منسٹری آف اوورسیز پاکستانیز نے کہا ہے کہ غیر ممالک میں رُکے ہوئے پاکستانی اب وطن واپس آنے کیلئے ایئر لائنز سے ٹکٹس خرید سکتے ہیں۔ اس سے پہلے صرف سفارتخانوں سے ٹکٹس جاری کئے جاتے تھے۔
کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث دنیا بھر میں لاک ڈاؤن اور ہوائی سفری پابندیوں کی وجہ سے ہزاروں پاکستانی مختلف ممالک میں پھنس گئے تھے جن میں کچھ کی واپسی ہو گئی تھی لیکن ایک بڑی تعداد ابھی تک مختلف ممالک میں پھنسی ہوئی ہے۔
پاکستان نے مختلف بین الاقوامی فضائی کمپنیوں کو سروس شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ تاہم غیر ممالک سے آنے والے مسافروں سے کہا گیا ہے کہ ملک میں واپس آ کر از خود اپنے آپ کو 14 روز کیلئے قرنطینہ میں قیام کریں۔
وزارت اوورسیز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مختلف ممالک میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہزاروں پاکستانی بے روزگار ہو گئے ہیں۔ ان میں سے 80 ہزار پاکستانی واپس آ چکے ہیں جبکہ 40 پاکستانی ابھی بھی مختلف ممالک میں واپس آنے کیلئے پھنسے ہوئے ہیں۔ وزارت کے مطابق ان افراد کی واپسی پر حکومت ان کی مدد کرے گی۔