
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع بولان میں کنبڑی پُل کے قریب بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے نزدیک خودکش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 9 پولیس اہلکار شہید جبکہ 13 زخمی ہوگئے۔
کچھی کے ایس ایس پی نے بتایا ہے کہ ضلع کچھی اور سبی بارڈر کے قریب بولان کے علاقے کنبڑی میں بلوچستان کانسٹیبلری پولیس وین کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ دھماکا موٹرسائیکل پر سوار خودکش حملہ آور نے کیا ہے جس کے نتیجے میں 9 پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہوئے، بم ڈسپوزل اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
بولان پولیس کا کہنا ہے کہ بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار سبی میلے میں ڈیوٹی کرکے واپس آرہے تھے کہ راستے میں انہیں نشانہ بنایا گیا۔
دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ٹرک الٹ گیا اور اہلکار اس کے نیچے دب گئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ عرصے کے دوران صوبہ خیبر پختون خواہ اور بلوچستان میں دہشتگرد حملوں میں اضافہ ہو گیا ہے جس کی ذمے داری اسلام آبادافغانستان میں موجود تحریک طالبان پاکستان پر ڈالتا ہے مگر کابل طالبان انتظامیہ اسے مسترد کرتی ہے۔