
چین اور بھارت کے درمیان لداخ پر حالیہ سرحدی کشیدگی کے بعد پاکستان نے سرحد پر اضافی 20 ہزار فوجی تعینات کر دیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے اپنی دو ڈویژن فوج لائن آف کنٹرول پر بھیج دی ہے۔ فوجی اضافی نفری کشمیر اور گلگت بلتستان کی بھارت کے ساتھ ملنے والی سرحد پر بھیجی گئی ہے۔
بھارتی انٹلی جنس نے مودی حکومت کو چین کے ساتھ تعلقات جلد معمول پر لانے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ بھارت ایک ہی وقت میں دو محاذوں پر لڑنے کے قابل نہیں ہے۔
بھارتی نیوز ویب سائٹ دی اکنامک ٹائمز نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ چین دہشتگرد تنظیم البدر کے ساتھ رابطے میں ہے جو کشمیر میں حالات کو دوبارہ بگاڑنے کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔ بھارت نے پاکستان کے ساتھ سرحد پر نصب ریڈارز کو الرٹ کر دیا ہے۔
بھارت نے الزام لگایا ہے کہ لداخ میں چین کی فضائیہ کی سرگرمیاں بڑھ گئیں ہیں اور وہ ایئر بیس کیلئے پاکستان کا گلگت بلتستان کا ایئر بیس استعمال کر رہی ہے۔