افغانستان کے قومی مصالحتی کمیشن کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے پاکستانی وزیر اعظم عمران سے ملاقات کی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان کی خانہ جنگی کا حل صرف مذاکرات میں ہے۔ جنگ سے آج تک کوئی مسئلہ حل نہیں ہو سکا ہے۔
عمران خان نے طالبان اور افغان حکومت کے درمیان جاری مذاکرات کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ سیاسی حل ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔ خوشی ہے عالمی برادری نے پاکستانی موقف کو تسلیم کیا۔ عالمی برادری نے افغانستان میں امن کی بحالی کے راستے کو آسان بنانے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور طالبان کا امن معاہدہ افغانستان میں امن کی بحالی کے لئے اہم ہے۔ امید ہے افغان حکومت اس تاریخی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائے گی اور افغان قیادت وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفئے کے لئے تعمیری انداز میں آگے بڑھے گی۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جنگ بندی سے تشدد میں کمی کے لئے تمام افغانستان کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو کام کرنا ہو گا۔ پاکستان امن کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے ان کی حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
افغان قومی مصالحتی کمیشن کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے امن کے لئے پاکستان کی کوششوں اور کردار کو سراہا اور کہا کہ افغانستان میں امن کے لئے ان کی حکومت کچھ معاملات پر سمجھوتہ بھی کرنے کو تیار ہے۔