آذربائیجان کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ 27 ستمبر سے شروع ہونے والی جنگ میں اب تک آرمینیا کے 2 ہزار سے زائد فوجی مارے گئے ہیں جبکہ سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ آرمینیا کے 130 ٹینکس اور بکتر بند گاڑیاں تباہ ہوئیں جبکہ 200 سے زائد بھاری توپ خانہ اور میزائل سسٹم تباہ کئے گئے۔
آذربائیجان کی فوج نے آرمینیا کی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے اس کے 6 کمانڈ اور آبزرویشن زون اور 5 اسلحہ ڈپو تباہ کر دیئے۔ آذربائیجان کی فوج نے کاراباخ میں آرمینیا کی فوج پر حملہ کرتے ہوئے 50 اینٹی ٹینک گنیں اور 55 فوجی گاڑیاں تباہ کر دیں۔
وزارت دفاع نے کہا کہ آرمینیا کی فوج نے آذربائیجان کے ترتر کے علاقے پر بدھ کی صبح بھاری توپ خانے سے حملہ کیا ۔
اطلاعات کے مطابق ترتر کے علاقے میں آرمینیا کی فوج نے انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچایا لیکن ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
آذربائیجان کی پارلیمنٹ نے اتوار کو نیگورنو کاراباخ اور کئی دیگر علاقوں میں جنگی حالات کا اعلان کیا تھا۔