
پاکستان کے قومی دن کی مناسبت سے 24 مارچ 2025 کو استنبول میں پاکستان کے قونصل خانے کی جانب سے ایک پُروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ترکیہ کے اعلیٰ حکومتی عہدیداران، سفارتکار، کاروباری شخصیات، میڈیا نمائندگان اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔



پاکستان کے سفیر ، ڈاکٹریوسف جنید نے 23 مارچ کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات میں ہونے والی نمایاں پیش رفت کو اجاگر کیا۔

تقریب میں ترکیہ کی نائب وزیر برائے خاندانی و سماجی خدمات، ڈاکٹر سیویم سایم مندک، اور ترک پارلیمنٹ کی رکن، محترمہ طوبہ اشک ارکان نے خطاب کیا۔ ڈاکٹر سیویم مندک نے پاکستان کے عوام کو قومی دن کی مبارکباد دی اور پاکستان اور ترکیہ کے گہرے تاریخی و برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔

اسی موقع پرمحترمہ طوبہ اشک ارکان نے بھی دونوں ممالک کے مضبوط رشتوں پر روشنی ڈالی۔

پاکستان کے قونصل جنرل، نعمان اسلم نے تقریب سے خطاب میں اس امید کا اظہار کیا کہ، آنے والے وقت میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات تجارت، کاروبار اور سیاحت کے شعبوں میں مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔