پاک افغان یوتھ فورم کے زیر اہتمام "کثیر الجہتی خیالات” کے موضوع پر تین روزہ ورکشاپ اس عزم کے ساتھ اختتام پزیر ہو گئی کہ ڈیجیٹل دنیا کو پاکستان افغانستان تعلقات کے فروغ اور دونوں ممالک کو قریب لانے میں ایک بہترین پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔
تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا دور جدید میں ایک ہتھیار کی مانند ہے۔ اس ہتھیار کو استعمال کرتے ہوئے صارفین اپنی آواز بین الاقوامی سطح پر پہنچا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے سوشل میڈیا کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے ۔
سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی ورکشاپس نوجوانوں کو اپنے اندر چھپی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد فراہم کرتی ہیں ۔
پارلیمانی سیکریٹری وجیہہ قمر نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بیانیے کی جنگ کسی بھی ملک کے امیج کو ابھارنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ انہوں نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیانیے کی جنگ میں کسی بھی غیر ملکی ایجنڈا کا شکار ہونے سے بچنے کی بھی ضرورت ہے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر پاک افغان یوتھ فورم سلمان جاوید نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کسی بھی ملک کی کردار سازی میں تعمیری کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خوش قسمت لوگ ہیں کہ ہمیں با صلاحیت نوجوان ملے ہیں جن کی صلاحیتوں کو مثبت سرگرمیوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی صلاحتیوں کو ملک کے وسیع تر مفاد میں صرف کریں ۔
پاک افغان یوتھ فورم کے زیر اہتمام ہونے والی اس ورکشاپ میں ملک بھر سے نوجوانوں کو مدعو کیا گیا ۔ تین روزہ ورکشاپ میں نوجوانوں کو سوشل میڈیا سے متعلق اہم معلومات اور خصوصی تربیت بھی فراہم کی گئی۔ اس ورکشاپ پر تین روز کے دوران ملک کے مایہ ناز اور نامور لوگوں نے اپنے لیکچرز دئیے اور نوجوانوں کو سوشل میڈیا اور بیانییے کی جنگ کے متعلق خاطر خواہ معلومات فراہم کی۔
One Comment
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ترکی سے متعلق بھی سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو تربیت فراہم کرنے کی ضرورت ہے