
سلطنت عثمانیہ کے دور کے دانشور ابوبکر آفندی کے پوتے پوتیوں کو ترک شہریت مل گئی
جنوبی افریقہ میں ترک سفارتخانے میں آج انتہائی خوشی کا سماں تھا کیونکہ سلطنت عثمانیہ کے دور میں دانشور ابوبکر آفندی کے پوتے پوتیوں کو ترک شہریت دے دی گئی۔
ابوبکر آفندی کے لواحقین نے ترک سفارتخانے سے اپنے ترک پاسپورٹس اور شناختی کارڈز حاصل کر لیے۔
ابوبکر آفندی کے خاندان کو شہریت دینے کے لئے صدر رجب طیب ایردوان نے خصوصی حکم نامہ جاری کیا تھا۔
سلطان عبدالعزیز خان نے انیسویں صدی میں دانشور اور عالم دین ابوبکر آفندی کو خصوصی طور پر جنوبی افریقہ بھیجا تھا تاکہ وہاں کے لوگوں کو اسلام کا پیغام پہنچایا جائے۔
سلطنت عثمانیہ کے خاتمے کے بعد آفندی خاندان جنوبی افریقہ میں ہی بس گیا تاہم اب انہیں صدر ایردوان کے خصوصی حکم پر ترک شہریت دی گئی ہے۔
ترک سفیر ایلف جام اولو نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ان کے ہوتے ہوئے آفندی خاندان کو ترک شہریت ملی۔