turky-urdu-logo

میرے داماد نے قومی خزانے پر کوئی ڈاکہ نہیں مارا، اپوزیشن کے الزامات جھوٹ ہیں، صدر ایردوان

صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ان کے داماد اور سابق وزیر خزانہ بیرات البیراک نے قومی خزانہ نہیں لوٹا اور نہ ہی قومی دولت میں غبن کیا ہے۔

وہ جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ سے خطاب کر رہے تھے۔ اپوزیشن کے الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر سینٹرل بینک کے پاس محفوظ ہیں۔ تمام پیسہ قومی خزانے میں موجود ہے۔ ترکی نے سابق وزیر خزانہ بیرات البیراک کے دور میں کئی اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ ترکی کے قومی خزانے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔

وزیر توانائی کی حیثیت سے بیرات البیراک نے ترکی کے توانائی کے شعبے میں زبردست ترقی کی ہے۔ آج ترکی توانائی میں خودکفیل ہو گیا ہے۔ ترکی درآمدی توانائی کے دور سے باہر نکل آیا ہے اور اب ترکی اس معاملے میں آزاد ہے۔

اپوزیشن بیرات البیراک کو صرف اس لئے تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے کہ وہ میرے داماد ہیں لیکن ان کے دور میں ترکی نے مالیاتی شعبے میں استحکام حاصل کیا۔

انہوں نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف انتہائی ناشکری ہے۔ انہوں نے اپنے داماد بیرات البیراک کی خدمات کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ بیرات البیراک نومبر میں اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔

صدر ایردوان نے کہا کہ اس وقت ترکی مقامی ذرائع اور قابل تجدید ذرائع سے 63 فیصد توانائی پیدا کر رہا ہے۔

ترکی دنیا میں 13 واں اور یورپ کا چھٹا ملک ہے جہاں قابل تجدید توانائی کے ذرائع سے سب سے زیادہ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔ ترکی جلد ہی خطے میں توانائی کا مرکز بن جائے گا۔

صدر ایردوان نے کہا کہ ترکی نے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے لئے تین ڈرل شپس 45 کروڑ ڈالر میں خریدے۔ اگر یہی بحری جہاز ترکی میں تیار کئے جاتے تو ان کی لاگت 2 ارب ڈالر سے زائد تھی۔

انہوں نے کہا کہ جس وقت بیرات البیراک وزیر توانائی تھے اس وقت دو ڈرل شپس اور تین سیسمک ریسرچ شپس خریدے گئے۔ اس وقت ترکی کے پاس سمندر سے تیل و گیس کی تلاش کے جدید ترین ڈرل شپس موجود ہیں۔

صدر ایردوان نے کہا کہ جب اپوزیشن بیرات البیراک کا تمسخر اڑاتی ہے تو یہ بھول جاتی ہے کہ توانائی کے شعبے میں ترکی آج جس مقام پر کھڑا ہے وہ بیرات کے دور میں ہی ممکن ہوا۔ اپوزیشن کو یہ ترقی اس لئے نظر نہیں آتی کیونکہ وہ بیرات البیراک کو میرا داماد ہونے کی وجہ سے مذاق بناتے ہیں اور ان پر کرپشن کے جھوٹے الزامات لگاتے ہیں۔

Read Previous

سوئٹزرلینڈ میں مسلمان خواتین کے نقاب پر پابندی بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، اقوام متحدہ

Read Next

ترکی میں نیوکلیئر پاور پلانٹ کے تیسرے یونٹ کا سنگ بنیاد، صدر ایردوان اور روسی صدر پیوٹن کی شرکت

Leave a Reply