امریکی کانگریس کی اسپیکر نینسی پلوسی نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ غزہ کے مغربی کنارے کے مزید علاقوں پر قبضہ اور یہودیوں کی آبادی کاری عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہو گی۔
جوئش ڈیموکریٹک کونسل آف امریکہ کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈیموکریٹ پارٹی کی رہنما نینسی پلوسی نے کہا کہ صیہونی ریاست کی طرف سے مغربی کنارے کے مزید علاقوں پر قبضہ نہ صرف عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ امریکہ کے ساتھ کئے گئے سیکیورٹی معاہدے کی بھی خلاف ورزی ہو گی۔ اسرائیل توسیع پسندانہ منصوبے پر عمل کر کے امریکہ کی نیشنل سیکیورٹی کے لئے خطرہ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی حمایت دو ریاستوں کے قیام اور امریکی نیشنل سیکیورٹی کے مفادات کے تحفظ کی یقین دہانی پر کی گئی تھی۔ اسرائیل اپنے دونوں وعدوں کی پاسداری نہیں کر رہا ہے۔
نینسی پلوسی نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہےکہ مغربی کنارے کے مزید علاقوں پر قبضہ ایک خطرناک راستہ ہے۔ امریکی کانگریس کی اسپیکر نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ کے امن منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے امن کسی صورت حاصل نہیں ہو سکتا۔ اسرائیل فلسطین کے حقوق مسلسل غصب کر رہا ہے جو ایک خطرناک صورتحال کی طرف اشارہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کی کھل کر مخالفت کر رہی ہے۔ اسرائیل کے منصوبے نہ صرف اسرائیل بلکہ امریکہ کی نیشنل سیکیورٹی کیلئے بھی خطرہ بن جائیں گے۔
واضح رہے کہ کانگریس کی طرف سے امریکہ کے صدارتی امیدوار جو بائیڈن بھی کہہ چکے ہیں کہ اسرائیل کی حد سے زیادہ حمایت امریکہ کیلئے خطرناک ہوتی جا رہی ہے۔ نینسی پلوسی نے واضح کیا کہ ڈیموکریٹ پارٹی میں اب یہ رجحان زور پکڑتا جا رہا ہے کہ اگر اسرائیل عالمی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں سے باز نہ آئے تو اس کے ساتھ اپنے تعلقات پر نظرثانی کی ضرورت ہے اور کئی دہائیوں پہلے امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جو سیکیورٹی معاہدہ ہوا تھا اس پر بھی دوبارہ غور کیا جائے گا۔