ترکی اور قازقستان میں تجارت کے لئے کئی سال سے بند "نخچیوان ٹریڈ کوریڈور” کھول دیا گیا ہے۔ آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان طے پانے والے حالیہ معاہدے میں نخچیوان کا ٹریڈ کوریڈور کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس تجارتی راستے کے کھلنے سے ترکی کی وسط ایشیائی ریاستوں سے تجارت میں اضافہ ہو گا کیونکہ اب ترک تاجر سڑک کے ذریعے اپنے سامان وسط ایشیائی ریاستوں تک پہنچا سکتے ہیں۔
اس تجارتی راستے کے کھلنے سے پہلے ترک تاجروں کو وسط ایشیائی ریاستوں تک رسائی کے لئے روس اور ایران سے گزر کر جانا ہوتا تھا لیکن اس کوریڈور کے کھلنے سے ترکی براہ راست وسط ایشیائی ریاستوں تک رسائی حاصل کر لے گا۔ اس کوریڈور کے ذریعے ترکی، آذربائیجان اور قازقستان آپس میں تجارت کر سکتے ہیں۔
اسی راستے سے ترکی چین تک اپنی تجارتی رسائی کو بڑھا سکتا ہے۔ دوسری طرف قازقستان بھی ترکی کے راستے یورپ تک اپنی مصنوعات فروخت کر سکتا ہے۔
یورپین اکنامک یونین معاہدے کے تحت قازقستان ترکی سے جو خام مال خرید کر مصنوعات تیار کرے گا وہ روسی مارکیٹ میں فروخت کے لئے کسی طرح کا ٹیکس ادا نہیں کرنا پڑے گا۔ اسی طرح کا ایک معاہدہ قازقستان اور چین کی سرحد پر بھی کیا جائے گا جس میں چین سے آنے والے خام مال سے تیار مصنوعات کو خطے کے دیگر ممالک میں ٹیکس ادائیگی کے بغیر فروخت ممکن ہو گی۔