امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک نئی انٹلی جنس رپورٹ پیش کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سی آئی اے اس بات پر مکمل یقین نہیں رکھتی کہ روس نے پیسے دے کر طالبان کے ذریعے امریکی فوجیوں کو قتل کروایا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں میں صداقت نہیں ہے۔
نیویارک ٹائمز کے حوالے سے رشیئن ٹی وی نے خبر جاری کی ہے کہ نیشنل انٹلی جنس کونسل نے ڈھائی صفحے کی ایک رپورٹ امریکی صدر کو پیش کی ہے جس میں مختلف میڈیا میں شائع خبروں کی تردید کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سی آئی اے اور نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر نے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکی فوجیوں کے قتل میں روس کے ملوث ہونے کی اطلاعات پر مضبوط اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔ دوسری طرف نیشنل سیکیورٹی ایجنسی نے رپورٹ میں کہا ہے کہ سی آئی اے اور دیگر ایجنسیز کی طرف سے جاری رپورٹس پر زیادہ اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ترجمان کے لیگ میک انینے نے کہا ہے کہ روس کے خلاف تمام الزامات پر تمام انٹلی جنس ایجنسیز کو متفقہ طور پر اعتماد نہیں ہے۔ وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں کہا تھا کہ امریکہ کی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کو سی آئی اے کی رپورٹ پر اعتماد نہیں ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے امریکہ اور مغربی میڈیا میں یہ خبریں شائع ہوتی رہیں کہ افغانستان میں امریکی فوجیوں کو قتل کرانے کیلئے روس نے طالبان کو فنڈنگ فراہم کی ہے۔ یہ تمام خبریں نامعلوم ذرائع سے شائع کی گئیں۔ میڈیا میں ان خبروں کی اشاعت کے بعد ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز کی طرف سے صدر ٹرمپ پر دباؤ بڑھ گیا تھا کہ وہائٹ ہاؤس کے علم میں آنے کے باوجود کوئی کارروائی کیوں نہیں کی گئی۔
طالبان پہلے ہی روس سے پیسہ لینے اور اس کے عوض امریکی فوجیوں کے قتل کے الزامات کی تردید کر چکے ہیں۔ روس نے بھی ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔