turky-urdu-logo

غیر ملکی کمپنیاں 1.21 ارب ڈالر کما کر لے گئیں،اسٹیٹ بینک

پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے ایک بہترین ملک ہے۔ مالی سال دو ہزار انیس بیس میں غیر ملکی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں نے ایک ارب 21 کروڑ ڈالر منافع کی مد میں بیرون ملک منتقل کئے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2019 سے مئی 2020 کے دوران پاکستان کے مختلف صنعتی اور تجارتی شعبوں میں کام کرنے والی کمپنیوں اور انفرادی سرمایہ کاروں نے ایک ارب 21 کروڑ ڈالر منافع کی مد میں اپنے پرنسپل ممالک میں منتقل کئے۔

آئل اینڈ گیس کی تلاش میں کام کرنے والی کمپنیوں نے 23 کروڑ 11 لاکھ ڈالر کمائے اور انہیں بیرون ملک منتقل کیا۔

پاکستان میں کام کرنے والی غیر ملکی بینکوں نے سب سے زیادہ 23 کروڑ 27 لاکھ ڈالر منافع کی مد میں یہاں سے کما کر بیرون ملک منتقل کئے۔ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں کام کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں نے 17 کروڑ ڈالر منافع کما کر بیرون ملک منتقل کیا۔

کیمیکل کمپنیوں نے 12 کروڑ ڈالر سے زائد منافع اپنے پرنسپل ممالک کو پاکستان سے کما کر بھیجا۔

ٹیلی کمیونیکشین سیکٹر بھی اس مدت میں خاصا منافع بخش رہا۔ 11 ماہ میں 7 کروڑ 32 لاکھ ڈالر کا منافع بیرون ملک منتقل ہوا۔ ٹیلی کمیونیکشن میں پی ٹی سی ایل اور چار موبائل فون کمپنیوں کا منافع بھی شامل ہے۔

بجلی تیار کرنے والی کمپنیاں بھی منافع میں پیچھے نہیں رہیں۔ 6 کروڑ 88 لاکھ ڈالر کا منافع ان کمپنیوں نے کمایا۔ پاور سیکٹر کمپنیوں میں بڑا شیئر آئی پی پیز کا ہے۔

پاکستان میں تمباکو نوشی تیزی سے فروغ پا رہی ہے۔ سگریٹ فروخت کرنے والی کمپنیوں نے 3 کروڑ 74 لاکھ ڈالر منافع کمایا۔

فوڈ سیکٹر میں مختلف برانڈز جن میں میکڈونلڈز اور دیگر فاسٹ فوڈ کمپنیاں شامل ہیں نے 5 کروڑ 93 لاکھ ڈالر منافع کمایا۔ بیوریجز کمپنیاں بھی خوب منافع کما رہی ہیں۔ ان کمپنیوں نے 2 کروڑ 81 لاکھ ڈالر کما کر بیرون ملک منتقل کئے۔ سیمنٹ تیار کرنے والی کمپنیوں نے ڈھائی کروڑ ڈالر منافع کمایا۔

کاریں تیار کرنے والی جاپانی کمپنیوں نے بھی 3 کروڑ 15 لاکھ ڈالر منافع کما کر بیرون ملک بھیجا۔ امریکہ اور برطانیہ کی کمپنیوں نے سب سے زیادہ پیسہ کما کر اپنے اپنے ممالک کو بھیجا۔ برطانوی کمپنیوں نے 27 کروڑ 75 لاکھ اور امریکہ نے 18 کروڑ 80 لاکھ ڈالر منافع بیرون ملک منتقل کیا۔ ہانگ کانگ کے سرمایہ کار بھی 12 کروڑ 76 لاکھ ڈالر کما کر لے گئے۔

Read Previous

لیبیا: آئل فیلڈز پر قبضے کیلئے سِرتے میں جنگ ناگزیر ہے، میجر جنرل سمیر راغب

Read Next

امریکی فوجیوں کو قتل کرانے میں روس ملوث نہیں، نئی انٹلیجنس رپورٹ

Leave a Reply