لاہور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے ترک کمپنیوں البیراک اور اوز پاکستان کو تمام تصفیہ طلب معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی دعوت دے دی۔
لاہور ویسٹ منیجمنٹ نے دونوں ترک کمپنیوں کو علیحدہ علیحدہ خطوط ارسال کئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ 31 دسمبر کو معاہدہ ختم ہو رہا ہے لہذا معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کر لیا جائے۔
لاہور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی (ایل ڈبیلو ایم سی) نے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور جنرل منیجر پروکیورمنٹ پر مشتمل دو رکنی کمیٹی بنا دی ہے جو ترک کمپنیوں البیراک اور اوز پاکستان کے ساتھ بات چیت کے ذریعے معاملات حل کرے گی۔
دونوں ترک کمپنیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ مذاکرات کے لئے اپنے دو دو نمائندے مقرر کر دے۔
ایل ڈبلیو ایم سی نے البیراک اور اوز پاکستان کو جو بات چیت کے لئے جو خطوط بھیجے ہیں اس میں معاہدے کی شق 29.1 کا زکر کیا گیا ہے۔ اس شق کے مطابق معاہدے کے اختتام پر تمام مشینری اور دیگر اثاثے لاہور ویسٹ منیجمنٹ کے حوالے کئے جائیں گے۔
معاہدے کی شق 30 کے مطابق اگر فریقین کے درمیان کوئی تنازعہ پیدا ہوتا ہے تو 30 روز کے اندر بات چیت کے ذریعے اس معاملے کو حل کیا جائے گا۔
لاہور ویسٹ منیجمنٹ نے کہا ہے کہ کمپنی نے اپنی طرف سے دو نمائندے بات چیت کے لئے نامزد کر دیئے ہیں اب البیراک اور اوز پاکستان بھی اپنے اپنے نمائندے مذاکرات کے لئے نامزد کر دیں تاکہ بات چیت کا عمل شروع کیا جا سکے۔