لیبیا اور اطالوی وزرائے خارجہ کے درمیان مہاجرین اور پناہ گزینوں کے معاملے پر بات چیت ہوئی ہے۔
لیبیا کی وزارت خارجہ کے ترجمان محمد القبلاوی نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔ اٹلی نے لیبیا سے بڑھتے ہوئے مہاجرین اور پناہ گزینوں کو روکنے کیلئے اقدامات کرنے کو کہا ہے۔ سمندری راستے سے یورپ جانے کیلئے لیبیا ایک بہترین روٹ ہے۔ شام اور یمن کے پناہ گزین اور مہاجرین یہی راستہ اختیار کر کے یورپ میں داخل ہو رہے ہیں۔ اٹلی کا کہنا ہے کہ غیر ضروری اور غیر حقیقی مہاجرین اور پناہ گزینوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے جس پر یورپ کو تشویش ہے۔ اطالوی وزیر خارجہ نے لیبیا پر زور دیا کہ وہ مہاجرین کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کرے۔ حال ہی میں لیبیا کے وزیراعظم فائز السراج نے مالٹا میں تارکین وطن کے ایک کوآرڈینیشن سینٹر کی تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔ اس وقت یورپ کیلئے مشرق وسطیٰ سے آنے والے مہاجرین اور پناہ گزین درد سر بنے ہوئے ہیں۔