turky-urdu-logo

تمام ممالک لیبیا سے اپنے کرائے کے جنگجو نکال لیں، پینٹاگون کا انتباہ

امریکہ نے لیبیا میں تمام ممالک سے کہا ہے کہ وہ اپنے کرائے کے جنگجوؤں کو نکال لیں تاکہ یہاں جنگ بندی کے بعد سیاسی ماحول کو پروان چڑھایا جا سکے۔

پنٹاگون کے ترجمان نے کہا ہے کہ لیبیا میں روس سمیت مختلف ممالک نے اپنے کرائے کے جنگجو بھیجے ہوئے ہیں جو یہاں خانہ جنگی کی بنیاد ہیں۔ تمام گروپس آپس میں ایک دوسرے سے زیادہ سے زیادہ علاقے کا کنٹرول حاصل کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ اس وقت روس اور تُرکی نے بڑے پیمانے پر اپنے پرائیویٹ یعنی کرائے کے جنگجو لیبیا میں بھیجے ہوئے ہیں۔

فرانس اور مصر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر دباؤ بڑھایا ہے کہ شمالی افریقہ کے ملک لیبیا میں ماسکو اور انقرہ سے آئے ہوئے کرائے کے جنگجو حالات کو خراب کر رہے ہیں۔

ادھر مصر بھی تُرکی کو جنگ کی دھمکی دے چکا ہے۔ مصری صدر عبدالفتح السیسی نے اپنی فوج کو تیار رہنے کا حکم دے دیا ہے کہ کسی بھی وقت لیبیا میں جنگ چھڑ سکتی ہے۔

امریکی وزارت دفاع کے ترجمان کمانڈر شینڈِس ٹریش نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ روس اور تُرکی لیبیا میں اپنے کرائے کے جنگجوؤں کے ذریعے فوجی مداخلت کر رہا ہے جس کی وجہ سے حالات اب خانہ جنگی کی طرف چلے گئے ہیں۔

ادھر وہائٹ ہاؤس کے ترجمان نے بھی لیبیا میں غیر ملکی مداخلت کرنے والے ممالک سے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے ہتھیاروں پر پابندی کی قرار دادوں پر عمل درآمد کریں۔ امریکہ لیبیا میں کسی بھی ملک کی مداخلت کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گا۔

امریکہ نے تمام ممالک سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر جنگ بندی کریں اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل کریں۔

اس وقت فرانس، مصر، متحدہ عرب امارات نے تُرکی کے خلاف ایک محاذ بنا لیا ہے جو نہیں چاہتا کہ تُرکی اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ لیبیا کی گورنمنٹ آف نیشنل ایکورڈ کی حمایت کرے کیونکہ یہ تینوں ممالک باغی ملیشیا لیبئن نیشنل آرمی کو سپورٹ کر رہے ہیں۔

Read Previous

تُرکی لیبیا میں خطرناک گیم کھیل رہا ہے، فرانسیسی صدر میکرون

Read Next

اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی نوجوان جاں بحق

Leave a Reply