
کوئی بھی ملک صرف تب ہی ترقی کر سکتا ہے جب وہ اپنے ملک میں موجود ہر شخص کی ضروریات کا خیال رکھے تاکہ ہر شخص ایک مضبوط قوم کی شکل میں سامنے آسکے۔ ترکی بھی اپنے اسی مشن پر گامزن ہے ۔ ترکی ان ممالک میں سے ایک ہے جو اپنے ملک میں رہنے والے ہر شخص کی ضروریات کو بروقت پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ترکی کے اسی مشن کو پورا کرتے ہوئے جنوبی صوبہ قہر مانارا کی ایک مقامی بلدیات نے ہیلو بکس کے نام سے ایک ایسا منصوبہ شروع کیا ہے جو کسی بھی کتاب کو لوگوں کے گھروں تک پہنچا سکتا ہے ۔ اس منصوبہ سے فائدہ آٹھانے کے لیے ترکی کے لوگوں کو صرف بلدیہ کے ہاٹ لائن پر کال کرنے کی ضرورت پڑے گی۔
اس نظام کی مدد سے بزرگ اور معزور افراد کے لیے کتابیں حاصل کرنا بہت آسان ہو جائے گا۔
اس منصوبے کا مقصد خاص طور پر ایسے لوگوں کی مدد کرنا ہے جو یا تو کسی معذوری یا بیماری کی وجہ سے اپنے گھر میں قید ہو کر رہ گئے ہیں یا پھر صوبے کے کسی ایسے علاقے میں رہتے ہیں جہاں لائبریریوں تک رسائی نہیں ہے۔
لائبریریوں کے میونسپلٹی ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے ان مشکل حالات میں ہم نہیں چاہتے کہ کتابوں کے شوقین کتابوں سے محروم ہو جائیں اس لیے ہماری انتظامیہ سماجی دوری کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے لوگو ں تک انکی پسندیدہ کتابیں پہنچا رہے ہیں۔
ترکی کی ایک 19 سالہ معذور خاتون کا کہنا ہے کہ انہیں کتابیں بہت پسند ہیں ۔وہ انتظامیہ کی بہت مشکور ہیں کہ انہوں نے اس مشکل وقت میں بھی ہمیں کتابیں پہنچائی ہے۔
ایک 80 سالہ سی او پی ڈی کے مریض کا کہنا ہے کہ یہ بہت ہی اچھا اقدام ہے ۔ اب لوگ گھر بیٹھے کتابوں سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔