سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان نے ترکی میں زلزلہ زدگان کو مدد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان نے ترکی کے صوبے ازمیر میں زلزلے سے متاثرہ افراد کو فوری طور پر طبی اور دیگر مدد فراہم کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
یہ امداد سعودی عرب کے امدادی ادارے شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے ذریعے بھیجوائی جائے گی۔
شاہ سلمان نے کہا ہے کہ زلزلہ زدگان کی ہر ممکن مدد کی جائے۔ شاہ سلمان ریلیف سینٹر نے سعودی فرماں روا کے حکم پر امداد بھیجنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ واضح رہے کہ ازمیر میں گذشتہ جمعہ کو 6.6 شدت کے زلزلے میں کئی کثیر المنزلہ عمارتیں زمین بوس ہو گئیں تھیں۔ زلزلے میں اب تک 116 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ سینکڑوں افراد ابھی تک اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ رہائشی عمارتیں گرنے سے ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور اس وقت خیموں میں رہ رہے ہیں۔