turky-urdu-logo

بھارت کشمیر میں اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل کرے، صدر طیب اردوان

تُرک صدر طیب اردوان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل کرتے ہوئے اس کی خصوصی حیثیت کو بحال کرے اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کی آزادی دے۔

استنبول یونیورسٹی کے اردو ڈپارٹمنٹ میں کشمیر تنازعے پر دو روزہ انٹرنیشنل کانفرنس منعقد ہوئی جس میں صدر طیب اردوان کے اس بیان کو سراہا گیا جس میں انہوں نے بھارت کو کشمیر میں ظلم و ستم بند کرنے اور کرفیو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

دو روزہ کانفرنس کے اختتام پر ایک اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں بھارت پر زور دیا کہ کشمیر کا معاملہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرار دادوں کی روشنی میں حل کیا جائے۔ اقوام متحدہ کی قرار دادوں میں یہ واضح کہا گیا ہے کہ کشمیری عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے میں آزاد ہیں۔ کانفرنس میں صدر طیب اردوان کے اس بیان کو بھی شامل کیا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ تُرکی اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی آزادی کی کوششوں میں ان کے ساتھ ہے۔

اعلامیئے میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر سے مطالبہ کیا گیا کہ بھارت کو عالمی قوانین پر عمل درآمد کا پابند کیا جائے۔ اعلامیے میں بھارت کی طرف سے کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کرنے اور اس کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے اقدامات کی بھرپور مذمت کی گئی۔

کانفرنس کے شرکاء نے بھارت کی طرف سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم، نوجوانوں کی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حراست میں قتل، جبری گمشدگیوں، گھروں کو آگ لگانے اور ذہنی و جسمانی تشدد کی مذمت کی۔

کشمیر میں میڈیا کی آزادی پر عائد پابندیوں کو فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ کانفرنس میں عالمی ادارے کو کشمیر تک رسائی دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو دنیا سے آگاہ کیا جا سکے۔ کشمیر سے بھارتی فوج کی فوری واپسی اور سویلین اداروں کی بحالی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

اقوام متحدہ سے کہا گیا ہے کہ وہ کشمیر کیلئے ایک خصوصی سفیر مقرر کرے جو جموں کشمیر میں اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حق دلانے کی کوششیں تیز کرے۔

کانفرنس کے شرکاء نے اسلامی ممالک تعاون کی تنظیم او آئی سی سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالے کہ وہاں ایک فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجا جائے تو اصل صورتحال پر ایک رپورٹ مرتب کر کے عالمی برادری کے سامنے رکھے۔  

Read Previous

یورپ نے پی آئی اے پر 6 ماہ کیلئے پابندی عائد کر دی

Read Next

حج اور عمرہ کے اخراجات میں اضافہ، سعودی حکومت نے ویلیو ایڈڈ ٹیکس 3 گنا بڑھا دیا

Leave a Reply