یورپین یونین نے پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پی آئی اے پر یورپ کیلئے پروازوں پر 6 ماہ کی پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ پابندی پاکستانی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کے قومی اسمبلی میں اس بیان کے بعد عائد کی گئی کہ پی آئی اے کے 262 پائلٹس کے پاس جعلی لائسنس ہیں۔
یورپین یونین ایئر سیفٹی ایجنسی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی آئی اے کی پروازوں پر 6 ماہ کیلئے پابندی عائد کی جا رہی ہے۔ پی آئی اے کی کوئی پرواز یورپین یونین کے 27 ممبر ممالک میں کسی بھی ملک کیلئے اپنی فضائی سروس شروع نہیں کر سکتی۔
پی آئی اے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یورپین یونین کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندی یکم جولائی سے شروع ہو رہی ہے۔ قومی فضائی کمپنی نے یورپ کیلئے شیڈول میں جانے والی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
Tags: پی آئی اے