Turkiya-Logo-top

کالاباغ، نمک اور سندھو سائیں

ڈاکٹر عظیم شاہ بخاری

میانوالی کے شمالی کونے میں دریائے سندھ کے غربی جانب بسا کالا باغ میرا پسندیدہ شہر ہے جہاں دھاڑتا ہوا پہاڑوں سے آتا اباسین، میلوں تک پھیل کر یک دم خاموش ہو جاتا ہے۔ اِسے دیکھنے کے لیئے تو پانچ دن بھی کم ہیں۔ نجانے کیوں لیکن اس شہر کی ہوا میں مجھے بغاوت ، محبت اور پُراسراریت محسوس ہوتی ہے جو مجھے اور زیادہ اس کی جانب کھینچتی ہے۔

الفنسٹن کے بھی کچھ ایسے ہی خیالات تھے۔ 1809 میں پشاور کی طرف جاتے ہوئے الفنسٹن نے کالا باغ کو ایک غیر معمولی اور مسحور کن مقام پایا جہاں مکان ظاہری طور پہ خون کی طرح سُرخ چٹانوں پر ایک دوسرے کے اوپر بنائے گئے تھے۔ کالاباغ پُل سے ان گھروں کا بہترین نظارہ کیا جا سکتا ہے جبکہ دوسری جانب پنجاب کے وسیع میدان اور چاندی جیسا دریا زردی مائل چمکتے اُفق تک پھیلا نظرآتا ہے۔ کرومیم، جپسم اور کوئلے جیسی معدنیات کے کچھ ذخائر یہاں اور آس پاس موجود ہیں لیکن سب سے اہم معدنیات نمک کی چٹانیں ہیں۔

اسی کالا باغ کے قرب و جوار میں ایک دنیا آباد ہے۔ یہاں جناح بیراج ہے، ماڑی انڈس ہے، چاپڑی ڈیٰم ہے، شکر درہ کو جاتی سڑک ہے، قدیم مندر اور نمک کی کانیں ہیں لیکن ان میں سب سے زیادہ ممتاز کھڑا ہے وہ پُل جس نے سندھ جیسے دریا کو تسخیر کیا ہے اور دونوں کناروں کو جوڑ دیا ہے۔

کالاباغ کے پُل کے ساتھ ایک ریلوے کی ایک چوکی آج بھی موجود ہے۔

چونکہ کالاباغ نمک کی اہم منڈی تھی سو یہاں مشرق میں دریائی نالے کے ساتھ ساتھ تین سالٹ چوکیاں وقفے وقفے سے قائم کی گئی تھیں اور اس نالے کی دوسری جانب شہر کی نمک منڈی تھی۔ نمک کی ایک چوکی ماڑی انڈس میں تھی۔

کالاباغ پنک سالٹ کا بھی ایک مرکزرہا ہے۔ 1913-14 کی جیالوجیکل سروع رپورٹ میں لکھا ہے کہ انگریز دور میں پورے ہندوستان کی پھٹکڑی کالاباغ سے جاتی تھی۔

کالا باغ ریلوے پُل ؛

یہ پُل کالاباغ کی نشانی اور اس کا فخر ہے۔

جب خیبر پختونخواہ کے جنوبی اضلاع ٹانک اور بنوں کو ریلوے لائن کے ذریعے پنجاب اور دیگر علاقوں سے منسلک کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تو کالاباغ کے مقام پر ایک پُل کی ضرورت محسوس کی گئی جس پر سے ریل گزاری جا سکے۔

نارتھ ویسٹ ریلوے کے افسر ڈبلیو-ڈی کروکشینک کی 1929 میں مرتب شدہ رپورٹ میں لکھا ہے کہ ؛

اس پُل کے لیئے 1888 سے سروے شروع کر دیئے گئے۔ جبکہ 1919 سے 1924 تک تمام انتظامات مکمل کر لیئے گئے۔ آخر کار 1927 میں اس منصوبے کی منظوری دے کر کام شروع کر دیا گیا۔ یہ پل صرف ریل کے گزرنے کے لیئے ڈیزائن کیا گیا تھا جس پر پیدل چلنے والوں کے لیئے کوئی انتظام نہ تھا۔ اِس نے سندھ کے مشرق میں چوڑے گیج کی لائن کومغرب میں واقع 2 فٹ 6 انچ کی تنگ لائن سے منسلک کرنا تھا۔ پل کا بنیادی مقصد ریل کو لاہور سے آگے بنوں اور کوہاٹ سے لے کر وزیرستان تک پہنچانا تھا تاکہ برطانوی افواج کو رسد مہیا کی جا سکے۔

مگر ہماری بدقسمتی کہ 1990 میں ریل کے نظام پر اسی پل کے مقام پر ”پُل اسٹاپ” لگا دیا گیا یعنی ماڑی سٹیشن جو عین اس پل کے مشرقی حصے پر واقع ہے وہاں تک ریل کا سفر محدود ہوگیا۔

اس پل کو ٹھیک اس جگہ بنایا گیا ہے جہاں سے دریائے سندھ پہاڑیوں سے نکل کر میدانی علاقے میں داخل ہوتا ہے۔ 1929 کے سیلاب کے بعد پل کا ڈیزائن بدلا گیا اور اسے ماڑی انڈس کی طرف سے خشکی پر اور لمبا کر دیا گیا۔

جو ٹریک ماڑی سے بنوں تک بچھایا گیا تھا اس کی چوڑاٸی صرف اڑھاٸی فٹ (نیرو گیج) تھی اور اس پل کی تعمیر بھی ٹریک کے مطابق ہی کی گٸ تھی۔ 1995 تک یہاں سے مسافر ٹرین بنوں تک جاتی رہی جسے بعد ازاں مستقل طور پر بند کر دیا گیا۔

تقریباً ایک صدی پرانا یہ پل آج پاکستان کا سب سے قدیم پل مانا جاتا ہے۔ جس پر کھڑے ہو کر آپ بیک وقت کالاباغ، بوہڑ بنگلہ، ماڑی انڈس اور جناح بیراج کا نظارہ کر سکتے ہیں۔ یقیناً یہ پل کسی شاہکار سے کم نہیں۔

Read Previous

جہلم میں 46ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن مقابلے اختتام پذیر، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شرکت

Read Next

سعودی عرب کی سلامتی پر پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے، ترجمان پاک فوج

Leave a Reply