افغان وزیر خارجہ محمد حنیف اتمار نے خود مختار اور جمہوری افغانستان کی حمایت پر ترک حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
اپنے ترک ہم منصب میولوت چاوش اولو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حنیف اتمار نے کہا کہ ترکی نے افغان عوام کی آواز بن کر جنگ بندی اور خونریزی روکنے کا مطالبہ کیا ہے جو انسانیت کی خدمت کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان اور ترکی کے تعلقات صدیوں پرانے ہیں۔ ہم دو الگ ریاستیں ضرور ہیں لیکن ہمارے دل ایک دوسرے کے لئے دھڑکتے ہیں۔
قطر کے دارالحکومت دوہا میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان باضابطہ بات چیت پر ویڈیو لنک کے ذریعے ترک وزیر خارجہ نے انسانیت کی خاطر جنگ بندی پر زور دیا تاکہ فریقین ایک میز پر بیٹھ کر مذاکرات کے ذریعے اپنے مسائل حل کریں۔
انہوں نے افغان حکومت اور طالبان کو پیشکش کی کہ ترکی دونوں فریقین کے درمیان بات چیت کے لئے میزبانی کرنے کو تیار ہے۔ ترکی افغانستان میں امن و استحکام اور خوشحالی چاہتا ہے۔